اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن کا سورج طلوع ہو گیا، ایران اور امریکا کے درمیان جنیوا میں امن معاہدے کی دستخطی تقریب پاکستان کی میزبانی میں 19 جون(جمعہ) کو ہوگی،دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور مکالمے کا علمبردار ملک ہے۔۔
پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آج دنیا نے امن کا تاریخی سنگ میل عبور کیا، جنگ کے بعد امن کا سورج طلوع ہوگیا ہے، 3 ماہ 16 دن کی بے پناہ آزمائشوں کے بعد ایران،امریکا نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا۔ فریقین نے مشکلات حالات میں صبر، تحمل اور دانشمندی کا دامن نہیں چھوڑا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاریخی معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں ہوگی، جنیوا میں ہونے والی تقریب کا میزبان پاکستان ہوگا، پاکستانی قوم سمیت عالمی برادری کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایوان کے ہر رکن اور تمام رہنماں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو کا مشکور ہوں، یہ تاریخی معاہدہ سفارتکاری اور مذاکراتی عمل کی کامیابی ہے، یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ یہ امن اور مکالمے کی فتح ہے، یہ سفارتکاری کی کامیابی ہے اور جنگ کی تباہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامہ ای، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مشکل حالات میں دانش اور صبر کا مظاہرہ کرنے والی مذاکراتی ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے، اس کٹھن اور صبر آزما عمل میں امیر قطر تمیم بن حمد کے انتہائی اہم کردار کا معترف ہوں۔انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان کا بھی مشکور ہوں، مذاکراتی عمل کی کامیابی میں عظیم دوست صدر شی جن پنگ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، جنگ کے شعلوں کو روک کرامن کیلئے ہماری مخلصانہ کاوشوں کو کامیابی ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ذکر کیے بغیر تقریر نامکمل ہے، فیلڈ مارشل نے جنگ کے شعلے ماند کرنے اورامن کیلئے دن رات کاوشیں کیں، قومیں ایسے قیمتی لمحات کیلئے صدیوں انتظار کرتی ہیں۔وزیراعظم نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو قومی اسمبلی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم لمحہ وطن عزیز کے ہر شہری کیلئے باعث فخر ہے، خلوص، استقامت اور دانشمندی سے اس مشکل مرحلے کا پار کیا، نائب وزیر اعظم کی امن عمل کیلئے غیر معمولی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں، معیشت پر دبا ﺅکے باوجود قوم نے ملک پاکستان کا ساتھ دیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی امن عمل میں اہم امور انجام دئیے۔
انہوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے اور آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور مکالمے کا علمبردار ملک ہے۔ دریں اثنا ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے طے پاجانے کے بعد ایرانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ایرانی سفیر رضا امیری نے وزیراعظم چیمبر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی،وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعدایرانی سفیر واپس روانہ ہوگئے۔