سیکیورٹی فورسز

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 72 گھنٹوں میں 48 فتنہ الخوارج ہلاک

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 72 گھنٹوں کے دوران 48 خوارج مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر جاری آپریشنز کے تسلسل میں شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور اس کے گردو نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اس دوران گزشتہ 72 گھنٹوں میں شدید جھڑپوں کے بعد بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے فتن الخوارج کے مزید 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، جن میں 4 اہم کمانڈر (خارجی خالد رضا عرف سالار ، خارجی مفتون خارجی موسی اور خارجی عمران عرف ایان) بھی شامل ہیں۔فورسز کے اس آپریشن سے علاقے میں فعال خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے۔ہلاک ہونے والے یہ خارجی کمانڈر سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی مہارت اور درستگی سے کئے گئے آپریشنز کے دوران اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج مارے جاچکے ہیں۔ ہلاک ہونے والے بھارت نواز دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

علاقے میں چھپے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کےلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتن الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے فتن الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتن الخوارج کے سرغنوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ خوارج کے ناپاک عزائم ناکام بنانے والےسیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کی حمایت سے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں