اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال2026-27 کےلئے ساڑھے 17 ہزار ارب روپے حجم کے وفاقی بجٹ کے مسودہ کی منظوری دیدی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ارکان کو نئے بجٹ کے اہم نکات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے باقاعدہ طور پر بجٹ کی منظوری دے دی۔
بعدازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران کیمرا ٹیم کو کمیٹی روم سے باہر نکال دیا گیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس ان کیمرا کر دیا گیا۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الحمدللہ اس بجٹ کو بہت محنت اور خلوص سے تیار کیا گیا ہے۔الحمدللہ اس بجٹ کو بہت محنت اور خلوص سے تیار کیا گیا ہے، اور پاکستان کی عظیم قوم کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ بجٹ میں پاکستان کی عظیم قوم کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تمام اتحادی جماعتوں کے اراکینِ پارلیمنٹ بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین کو بجٹ اجلاس کے دوران مثبت جمہوری کردار ادا کرنا چاہیے اور ہنگامہ آرائی کے بجائے وزیرِ خزانہ کی بجٹ تقریر کو غور سے سننا چاہیے تاکہ وہ اس پر تعمیری اور مثبت معاشی تجاویز دے سکیں۔