پشاور(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں زخمی ہونے والے پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اہلکاروں کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹرز سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔
محسن نقوی نے پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں کی فرض شناسی، بہادری اور قربانی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔”انہوں نے زخمی اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ قوم کے ہیرو ہیں، ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔
آپ جیسے بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔”وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا بھی موجود تھے۔