لاہور(نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیوی کو فوری ختم کیا جائے ورنہ ہم عوام کو احتجاج کی کال دیں گے، پیٹرول کی قیمت کو تین سال کیلئے لاک کیا جائے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے حکومت ہر جمعہ کو ایک بجٹ کا اعلان کردیتی ہے، یہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنےکےلئے تیار نہیں، تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دے رہا ہے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس میں کمی کی جائے، ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ والے شخص کو ٹیکس فری کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں کے لیے ظلم ہے، حکومت اپنی نالائقی اور کرپشن چھپانے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے سہارے ٹیکس وصول کر رہی ہے، پیٹرولیم لیوی لگانا کسی ظلم سے کم نہیں، عوام سے آج بھی 105 روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں 8 ہزار 66 ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں اور یہ لیوی عوام پر ایک اضافی بوجھ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہڑتال کی کال دے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہیہ جام ہڑتال کے حوالے سے مختلف حلقوں سے مشاورت جاری ہے۔امیرِجماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں کوئی تقابل نہیں، تقابل وسائل کے مطابق ہی ہوتا ہے، اگر پیپلز پارٹی نے کرپشن کی ہے تو ن لیگ بھی کم نہیں، 28 ویں ترمیم کی بجائے مقامی حکومتوں کو مضبوط کیا جائے، 28 ویں ترمیم ابھی تک سامنے نہیں آئی مگر حکمران اتحاد ہر ترمیم کیلئے تیار ہے، زرداری صاحب نے کہہ دیا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، عوام کی طبی سہولتیں بھی چھین لی گئی ہیں۔
حکومت لوگوں کو آپس میں لڑانے کے بجائے مقامی حکومتیں بنائے اور بااختیار شہری حکومت بنانے کی طرف آئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت ختم کرنے کے لئے کیا گیا تھا مگر حکومت کی اپنی رپورٹ ہے کہ غربت میں مجموعی 30 فیصد جبکہ پنجاب میں 45 فیصد اضافہ ہوا، بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے مقامی بااثر افراد کمیشن لیتے ہیں، یہ کرپشن کا ذریعہ ہے۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت تین صوبوں اور مرکز میں حکومتی اتحاد برسراقتدار ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی مختلف سیاسی بیانیے زیر بحث ہیں۔
علاقائی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے جاری ہیں ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل آج بھی معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہا ہے،اس کے باوجود ہمارے وزیر اعظم نے ٹرمپ کو امن کا داعی قرار دے دیا، ٹرمپ کی حمایت سے ہی اسرائیل غزہ پر حملے کررہا ہے، ہمیں پیس بورڈ سے نکل جانا چاہئے، پوری دنیا کو صیہونی امریکہ کی مدد سے چلا رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ تقریبا 46 دن ہوگئے پاکستان کے شہری صومالیہ میں یرغمال ہیں، کوئی ان کو بازیاب کرانے کی کوشش نہیں کر رہا، ان یرغمالیوں کو زنگ آلود پانی پلایا جارہا ہے، پاکستانی حکومت سے درخواست ہے کہ ان کی رہائی کی کوشش کریں۔