اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ماحول کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ماحول کا تحفظ مشترکہ عالمی ذمہ داری ہے اور انسانیت کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط عالمی اقدامات ناگزیر ہیں، سیلاب، خشک سالی اور گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا موسمیاتی تبدیلی کی تلخ حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ماحولیاتی تنزلی کے باعث ملک کو انسانی اور معاشی سطح پر بھاری نقصانات کا سامنا ہے۔
ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر مضبوط عزم اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، ماحول دوست صنعتوں کے قیام اور قدرتی ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے مختلف پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کے عزم کی تجدید کریں اور سب مل کر سرسبز، ماحول دوست اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ماحول کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔