صدرمملکت، وزیراعظم

صدرمملکت، وزیراعظم کا یوم ماحولیات پرعالمی و قومی سطح پر ماحولیاتی تحفظ پر زور

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدر مملکت اور وزیر اعظم نے یوم ماحولیات پر عالمی و قومی سطح پر ماحولیاتی تحفظ پر زور دیا ہے۔ کہا ماحولیاتی تبدیلی صحت،معیشت اور خوراک کے لیے بڑا خطرہ ہے، پانی کے مثر استعمال، کچرے میں کمی ،جنگلات کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کی فوری ضرورت ہے۔

آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور پائیدار ماحول کی فراہمی کو مشترکہ ذمہ داری بھی قرار دیا۔عالمی یوم ماحولیات پر خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ماحولیاتی تحفظ کو قومی پالیسی کا بنیادی ستون بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کم اخراج کے باوجود کلائمیٹ رسک ممالک میں سرفہرست جبکہ گلیشیئرز کا پگھلنا، سیلاب اور ہیٹ ویوز باعث تشویش ہیں۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو تیز کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا پاکستان بین الاقوامی تعاون اور کلائمیٹ ایکشن کے لیے پرعزم ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا اس سال کا موضوع “موسمیاتی اقدامات” اس حقیقت کی مثر یاددہانی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے بین الاقوامی عملی تعاون ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تنزلی کی انسانی اور معاشی قیمت ادا کر رہا ہے۔ انفرادی، حکومتی اور عالمی سطح پر اجتماعی عزم اور تعاون ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کا واحد حل ہے۔اقوام عالم کی مشترکہ کاوشوں اور موثر باہمی تعاون سے ہی ماحول دوست مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں