سکیورٹی فورسز

سکیورٹی فورسز کا پنجگور میں آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس آپریشن میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا ،ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم برآمد کر لئے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پنجگور کے علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے،عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی انتھک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

ادھر صدر مملکت آصف زرداری نے پنجگور میں فتن الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا ملک میں امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ فتن الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف ریاستی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں