حلیم عادل شیخ

گلگت بلتستان انتخابات میں پی ٹی آئی قیادت کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے: حلیم عادل شیخ

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے گلگت بلتستان انتخابات کی صورتحال پر اپنے ایک اہم ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں آج ایک ریاست، دو دستور کا عملی مظاہرہ دیکھا جا سکتا ہے، جہاں ریاست تو ایک ہے مگر قوانین اور رویے مختلف نظر آ رہے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو زبردستی باہر نکالا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب بلاول بھٹو، نواز شریف اور ان کے سیاسی ساتھیوں کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعتوں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے جبکہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی مہم چلانے سے روکا جا رہا ہے، جو جمہوری اصولوں اور سیاسی مساوات کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت گلگت بلتستان جاتی ہے تو انہیں گرفتار یا واپس بھیج دیا جاتا ہے، جبکہ دیگر جماعتوں کے رہنماو¿ں کو مکمل پروٹوکول اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ طرز عمل انتخابات میں واضح دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں بلکہ عمران خان کے بیانیے اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو اپنی مرضی سے فیصلہ کرنے کا مکمل حق دیا جائے اور انتخابی عمل ہر قسم کی مداخلت سے پاک ہونا چاہیے۔انہوں نے فیصلہ سازوں سے اپیل کی کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور عوامی رائے کے مطابق فیصلے کریں۔ اگر گلگت بلتستان کے عوام پر زبردستی کوئی فیصلہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج مثبت نہیں ہوں گے۔ ایسی کسی مہم جوئی سے گریز کیا جائے جس سے ملکی یکجہتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہو۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان انتخابات کو صاف، شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدار بنایا جائے اور عوام کو ووٹ کے آزادانہ استعمال کا مکمل حق فراہم کیا جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انشاءاللہ فارم 45 اور فارم 47 دونوں پاکستان تحریک انصاف کے ہوں گے اور گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں