اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں بچوں کی پیدائش کے فوری بعد اب رجسٹریشن کا عمل مزید تیز اور ڈیجیٹل ہونے جا رہا ہے۔ نادرا نے ایک نیا برتھ نوٹیفکیشن ٹول متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے بچے کی پیدائش ہوتے ہی والدین کو خودکار ایس ایم ایس موصول ہوگا اور قانونی شناخت کے عمل کا آغاز فوراً ہو جائے گا۔
نئے نظام کے تحت ہسپتال یا کسی بھی طبی مرکز میں بچے کی پیدائش کے فورا بعد والدین کے موبائل فون پر اطلاع پہنچے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف رجسٹریشن کا عمل آسان ہوگا بلکہ سرکاری دستاویزات کے حصول میں ہونے والی تاخیر بھی کم ہو جائے گی۔ نادرا کے ترجمان سید شہابت علی کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان کے شہری اندراج کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ جہاں شناخت کا عمل پیدائش کے وقت ہی شروع ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ابتدائی رجسٹریشن میں تاخیر ایک بڑا مسئلہ رہی ہے۔
متوقع حکام کے مطابق یہ نظام سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے تعاون سے نافذ کیا گیا ہے اور ایس ایم ایس ایک ابتدائی ریکارڈ کے طور پر کام کرے گا جو یونین کونسل میں پیدائش کی رجسٹریشن میں مدد دے گا۔ رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ یونین کونسل سے پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہے جو تمام قانونی دستاویزات کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ والدین یہ عمل شناختی کارڈ، اسپتال کے ریکارڈ یا نادرا کے بھیجے گئے ایس ایم ایس کی مدد سے مکمل کر سکیں گے۔ نادرا نے اس سہولت کو پاک آئیڈینٹیٹی موبائل ایپ کے ذریعے سندھ اور پنجاب میں بھی فعال کر دیا ہے جبکہ بلوچستان میں توسیع جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں اس منصوبے پر عمل درآمد منظوری کے بعد کیا جائے گا۔