لاہور(نیوز ڈیسک)لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ 100 سے زائد فیڈر بند ہونے سے۔بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔لاہور کے علاقوں گلبرگ ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ اور ریگل چوک، لکشمی چوک، مسلم ٹاﺅن، ماڈل ٹان اور مال روڈ پر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاو ہ دھرم پورہ، صحافی کالونی، جیل روڈ، کلمہ چوک، مانگ چونگی اور فیروز پور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
لیسکو ذرائع کے مطابق موسلادھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ادھر لاہور کے علاقے واپڈا ٹان میں آندھی اور بارش کے باعث رکشے پر دیوار گر گئی جس سے دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے بعد بجلی کی بحالی کا کام شروع ہوگا۔دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور گرمی کی یہ لہر آ ج اتوار تک جاری رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور جیکب آباد میں 51 ڈگری سینٹی تک گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح سبی، تربت، شہید بینظیر آباد،لاڑکانہ اور موہن جو دڑو میں درجہ حرارت 50، خیر پوراور سکرنڈ میں 49، ڈیرہ غازی خان میں 47 اور لاہور میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔حکمہ موسمیات نے کراچی کے حوالے سے کہا کہ شہرمیں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا نے کا امکان ہے۔