اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سرکاری حج اسکیم کے 1 لاکھ 19 ہزار حاجیوں کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور (کل)اتوار کی صبح 5237 حجاج کرام مختلف پروازوں سے پاکستان پہنچیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت سعودی عرب میں موجود ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔وطن واپسی کے لیے پروازوں کا سلسلہ ہفتہ کی رات سے شروع ہوگا۔حج آپریشن کی پہلی پرواز جدہ سے روانہ ہوگی جس میں 391 حاجی سوار ہوں گے۔ یہ پرواز یکم جون کو صبح سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچے گی۔حج آپریشن کے پہلے روز مجموعی طور پر 5237 حجاج مختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچیں گے۔ اس روز 22 پروازیں جبکہ 2 جون کو 23 پروازیں حاجیوں کو لے کر پاکستان آئیں گی وزارت کے مطابق پہلے روز مختلف اسلام آباد کیلئے5 پروازیں‘ کراچی اور لاہورکیلئے 4، 4 پروازیں ملتان اور سیالکوٹ 3، 3 پروازیں فیصل آباد 2 پروازیں جبکہ کوئٹہ کے لیے 1 پرواز حجاج کو لیکر وطن پہنچے گی۔
وزارتِ کے مطابق ان حجاج کو مدینہ منورہ اور جدہ سے پاکستان لایا جائے گا۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت کل 471 پروازیں آپریشن میں حصہ لیں گی۔ پاکستان کی سرکاری ایئر لائنز، نجی ایئر لائنز اور سعودی ایئر لائنز اس آپریشن میں شامل ہیں۔فضائی آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا اور 30 جون کو لاہور میں آخری پرواز کی آمد کے ساتھ حج واپسی آپریشن مکمل ہو جائے گا۔وزارت کے مطابق حجاج کی محفوظ اور بروقت واپسی کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے انتہائی جامع انتظامات کیے ہیں