لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹ نٹین لیمیٹوسکی نے ملاقات کی، جس میں بینک کی ڈائریکٹر جنرل ژاہونگ یانگ بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے، ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے اس موقع پر پنجاب میں جاری بڑے پیمانے کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں جدید شہری انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور پبلک سروسز کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کی باضابطہ پیش کش بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ باکو اربن فورم کے 13ویں سیشن میں پنجاب حکومت کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو سراہا گیا، جس کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کیا جا چکا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں الیکٹرک بسوں اور ای بائیک پروگرام سمیت جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔
مریم نواز شریف نے لاہور میں پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے ہونے والے ایم او یوز اور منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ویسٹ واٹر اینڈ ڈرینج مینجمنٹ منصوبہ، سیوریج نظام کی بہتری اور بابو صابو میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شہر کی صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے تعاون اربن کلچر میں مثبت تبدیلی کا باعث ہوگا،بی آر بی ڈی کینال میں مجوزہ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کا تعاون قابل قدر ہے۔
انہوں نے بی آر بی ڈی کینال میں مجوزہ سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب ڈیٹا پلاننگ، ٹیکنالوجی مانیٹرنگ اور موسمیاتی سمارٹ انفراسٹرکچر کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ صاف پانی، صحت اور جدید ٹرانسپورٹ نظام حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔