لاہور(نیوز ڈیسک)سابق وفاقی وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے جامعہ عروة الوثقیٰ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جامعہ کے مختلف تعلیمی، تربیتی اور فکری شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور مدیرِ اعلیٰ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔
علامہ سید جواد نقوی نے موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز، قومی وحدت اور فکری بیداری کے موضوعات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں حق اور باطل کے درمیان واضح تمیز قائم ہو چکی ہے، اور ایسے حالات میں وہی شخص سرخرو ہوتا ہے جو دباو¿، مفادات اور مصلحتوں سے بالاتر ہو کر حق کا ساتھ دے۔علامہ سید جواد نقوی نے ایران۔امریکہ جنگ کے تناظر میں خواجہ سعد رفیق کے واضح اور جراتمندانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ باشعور اور باضمیر قیادت ہی قوموں کی درست رہنمائی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم، ناانصافی اور استعماری قوتوں کے خلاف آواز بلند کرنا اہلِ ضمیر کا فریضہ ہے۔
اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے علامہ سید جواد نقوی کی علمی، دینی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد، برداشت اور بین المسالک ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں فرقہ واریت اور انتشار نے ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچایا، تاہم آج عوام خصوصاً نوجوان نسل پہلے کی نسبت زیادہ باشعور ہو چکی ہے اور امت کے اتحاد کی اہمیت کو سمجھ رہی ہے۔