لاہور(نیوز ڈیسک )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پرعوامی ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ اور ان فٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو تمام بسوں اور بس سٹینڈز کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز شریف نے حکم دیا کہ ہر بس اور بس سٹینڈ پر کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کیا جا سکے، انہوں نے اوورچارجنگ میں ملوث بسوں کے روٹ پرمٹ اور بس سٹینڈز کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلی نے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ٹرانسپورٹ بند کرنے اور مسافروں کی اوورلوڈنگ پر مکمل پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا، اس کے علاوہ بس سٹینڈز پر مسافروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے مسافروں کی شکایات کے ازالے کیلئے 1071 ہیلپ لائن قائم کر دی ہے، جہاں شہری اوورچارجنگ سے متعلق شکایات درج کرا سکتے ہیں۔