اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے چین کے کالب گروپ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید بیٹری ٹیکنالوجی، تحقیق و ترقی اور عالمی توسیعی منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی ،انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں، بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز اور صنعتی برقی نظام بارے مقامی حکام سے تبادلہ خیال بھی کیا۔
وزارت صنعت و پیداوار سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی اور ٹیکنالوجی تعاون کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت ہوئی ہے،کالب گروپ دنیا کی معروف لیتھیم آئن بیٹری اور نئی توانائی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی اور ٹیکنالوجی تعاون کو نئی جہت دے رہے ہیں، پاکستان میں الیکٹرک وہیکل اور بیٹری ٹیکنالوجی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت جدید توانائی اور صنعتی ترقی کیلئے عالمی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے رہی ہے،کالب گروپ کے ساتھ تعاون پاکستان میں نئی توانائی کے شعبے کیلئے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وڑن کے تحت صنعتی جدیدکاری اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر کام کر رہے ہیں،پاکستان کو خطے میں نئی توانائی اور الیکٹرک موبیلیٹی کا اہم مرکز بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری سے پاکستان میں روزگار، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر کالب قیادت کے مستقبل میں پاکستان کے دورے اور مزید تعاون بارے بھی اتفاق کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان صنعتی جدیدکاری اور توانائی کے شعبے میں ترقی کیلئے بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے۔