مریم نواز

گلی،محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50ہزار روپے جرمانہ ہو گا،مریم نواز

لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلی پنجاب نے گلی، محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف 50ہزار روپے جرمانے کی منظوری دے دی۔مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں عید الاضحی پر صفائی کے فول پروف انتظامات کا پلان تیار کر لیا گیا، اجلاس میں ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام اور نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوام کو ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی جامع ابلاغ عامہ مہم کی ہدایت کی ہے۔علاوہ ازیں مریم نواز نے پنجاب کے ہر شہر میں ڈرین، کینال اور دیگر مقامات کی خصوصی صفائی اور نگرانی، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صفائی یقینی بنانے اور عیدالاضحی پر ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی صفائی کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں نمایاں 2687 کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر صفائی کے لئے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ اعلیٰ صفائی پر انعام اور ستائش اور شکایات پر سزا اور جزا کاعمل ہوگا، صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے 11مختلف سورس سے معلومات حاصل کرنے کانظام قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے تیسرے روز تمام کولیکشن پوائنٹ اور ڈسپوزل کلیئر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں