کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی پاپ گلوکار حسن رحیم نے بھارتی گلوکار تلویندر کے ساتھ مشترکہ پرفارمنس کے بعد سوشل میڈیا پر پیدا ہونے والے تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موسیقی اور فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فنکاروں کے درمیان تعاون کو منفی انداز میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں حسن رحیم نے ٹورنٹو میں 10 مئی کو منعقدہ کنسرٹ کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ جب بھارتی گلوکار تلویندر ان کے ساتھ اسٹیج پر آئے اور انہوں نے پہلی بار اپنے مقبول مشترکہ گانے وشز کو لائیو پرفارم کیا، تو وہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا۔حسن رحیم کا کہنا تھا کہ اس موقع پر وہ تلویندر سے بار بار گلے ملنے سے خود کو روک نہیں سکے، کیونکہ ان کے مطابق آخرکار موسیقی اور فن ہی جیتتے ہیں۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ موسیقی اور فن کو سرحدوں کا پابند نہیں ہونا چاہیے اور فنکاروں کا ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جدید دور میں پہلے کی طرح مشکل نہیں رہا ہے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اس مشترکہ پرفارمنس کے اثرات اور اس کے بعد ہونے والے ردعمل سے واقف تھے، تو انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اس کا مکمل اندازہ تھا۔