کراچی(شوبز ڈیسک ) اداکارہ اور ڈیجیٹل کریئیٹر کرن اشفاق ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں، جہاں سابق شوہر اور اداکار عمران اشرف کے حوالے سے ایک صارف کے تبصرے پر ان کے جواب نے مداحوں کو دو گروہوں میں تقسیم کردیا۔کرن اشفاق نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک مہنگے اور مشہور لگژری برانڈ کے اسٹور کے باہر نظر آئیں۔
اپنی پراعتماد اور بے باک انداز کی وجہ سے مشہور کرن کی اس ویڈیو پر جہاں کچھ صارفین نے ان پر سخت تنقید شروع کردی، وہیں بعض لوگوں نے ان کی ذاتی زندگی اور سابق شوہر عمران اشرف کو بھی بحث میں شامل کرلیا۔ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کمنٹ میں لکھا، شاید کرن نے عمران اشرف سے اسی لئے علیحدگی اختیار کی کیونکہ وہ انہیں مہنگی چیزوں اور اپنی پسند کی آزاد زندگی گزارنے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
اس تبصرے پر کرن نے واضح انداز میں جواب دیا، براہِ کرم کسی ایسے شخص کا نام یہاں نہ لیں جس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ میں نہیں چاہتی کہ اس کا نام میری پروفائل پر آئے۔ایک اور صارف نے عمران اشرف کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، اب ہمیں معلوم ہوگیا کہ عمران نے آپ کو طلاق کیوں دی۔ اس پر کرن اشفاق نے مختصر مگر معنی خیز جواب دیتے ہوئے کہا، قسم سے، یہی وجہ تھی۔یاد رہے کرن اشفاق پاکستان کی جانی مانی ٹی وی اداکارہ اور سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہیں۔ وہ اپنے بے باک انداز اور خود اعتمادی کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں۔ آج کل وہ حمزہ علی چوہدری کے ساتھ خوشگوار شادی شدہ زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے دو بچے ہیں، جن میں سے ایک بیٹا روحام ان کے پہلے شوہر یعنی مشہور اداکار عمران اشرف سے ہے، جبکہ ایک ننھی بیٹی اپنے موجودہ شوہر حمزہ سے ہے۔کرن اور عمران اشرف کی شادی چار سال چلی، جس کے بعد 18 اکتوبر 2022 کو دونوں نے راستے الگ کرنے اور طلاق کا اعلان کر دیا تھا۔
کرن نے ہمیشہ اس بات پر کھل کر بات کی ہے کہ ان کے سابق شوہر کی سوچ ذرا پرانی تھی اور ان کا دعوی ہے کہ عمران نے انہیں میڈیا میں کام
کرنے سے روکا ہوا تھا۔کرن کے حالیہ جوابات کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد کسی خاتون کو اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے اور آگے بڑھنے کا پورا حق حاصل ہے، اس لیے ہر نئی تصویر یا ویڈیو میں اس کے سابق شوہر کو شامل کرنا مناسب نہیں۔کچھ مداحوں نے کرن اشفاق کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے ماضی سے آگے بڑھ کر اپنی موجودہ زندگی پر توجہ دینے کا حق ہے۔ دوسری جانب عمران اشرف کے بعض مداحوں نے کرن کے انداز اور لباس پر تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ دونوں کی علیحدگی کی وجوہات میں ان کا طرزِ زندگی بھی شامل ہوسکتا ہے۔