کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ رمشا خان نے اداکار خوشحال خان سے شادی کے بعد سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی جبکہ خوشحال خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی پروفائل پکچر تبدیل کرلی۔شوبز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا صارفین کے مطابق رمشا خان کا انسٹاگرام پیج اب کھولنے پر یوزر ناٹ فانڈ ظاہر ہورہا ہے، جس کے بعد مداح مختلف قیاس آرائیاں کرنے لگے ہیں۔
دوسری جانب اداکار خوشحال خان نے بھی انسٹاگرام پر ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے اپنی پروفائل پکچر تبدیل کر دی ہے۔ خوشحال نے اپنی تصویر ہٹا کر اہلیہ رمشا خان کی تصویر ڈی پی کے طور پر لگا دی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں اور چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کئی صارفین اس اقدام کو محبت کا اظہار قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض لوگ رمشا کے سوشل میڈیا سے اچانک غائب ہونے پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔
رمشا خان کے انسٹاگرام اکاﺅنٹ کے اچانک غائب ہونے اور خوشحال خان کی نئی ڈی پی نے مداحوں کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے، تاہم اس حوالے سے دونوں فنکاروں کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔