اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک میں بدترین مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مبینہ لاقانونیت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کے حق میں جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کےلئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
یہ فیصلہ سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
اعلامیے میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے اعلامیے میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبینہ لاقانونیت کے خاتمے اور آئینی و جمہوری اصولوں کی بحالی کے لیے احتجاج ناگزیر ہو چکا ہے۔اعلامیے کے مطابق جمعہ کے روز ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔تحریک کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔