کراچی(نیوز ڈیسک )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری پر اداروں کی تعریف کرنی چاہیے، بہت کوشش کی انمول پنکی کو گرفتار کرسکوں لیکن کامیابی نہ ملی ،فریال تالپور نے بھی من شیات کے خلاف کارروائی کے لیے واضح ہدایات دی ہیں منشیات کے خاتمے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انمول عرف پنکی نامی خاتون منشیات ڈیلر کی گرفتار ی پولیس کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ وزیر ایکسائز تھے، تب اس خاتون کا نام سامنے آیا تھا اور انہوں نے اسے گرفتار کرنے کی بھرپور کوشش کی تھی مگر اس وقت کامیابی نہیں مل سکی تھی۔ انمول پنکی معاشرے میں زہر بیچ رہی تھی اور ایسی منشیات فروشوں کی گرفتاری پر اداروں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے کیونکہ منشیات پورے ملک کا مسئلہ ہے جو نسلوں کو تباہ کر رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور جہاں بھی یہ کالا کاروبار ہوگا، حکومت کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر غفلت کا سخت نوٹس لیا گیا، منشیات کے خاتمے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ جن پولیس اہلکاروں نے خاتون ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی پیش کیا انہیں معطل کر دیا گیا ہے، ہم نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ہمیں کامیابی نہ مل سکی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف جو بھی مہم چلائی اسے اہمیت دی، وزیرِ داخلہ نے نوٹس لے کر ان دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کیا، ہماری کمی کوتاہی کو اجاگر کریں، ہم جوابدہ ہیں، پولیس اچھا کام کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فریال تالپور نے بھی واضح ہدایات دی ہیں کہ سندھ میں جہاں بھی منشیات کا سراغ ملے، وہاں بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔کراچی میں اسی ماہ شاہراہِ بھٹو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شاہراہِ بھٹو موٹر وے ایم نائن کو ڈائریکٹ کنیکٹ کرے گی، شاہراہِ بھٹو سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، عوام کو سہولت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں برجز، انڈر پاسز اور سڑکوں کی تعمیر کا کام چل رہا ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ شہر کے میگا پروجیکٹس پر کام مکمل کیا جائے، شہر کے پروجیکٹس میں چیلنجز ہوتے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ سے ایک روڈ بنایا جارہا ہے جو قیوم آباد تک آئے گا، بڑے پروجیکٹس پر لوگوں کو تکلیف ضرور ہے، اس پر معذرت خواہ ہوں، ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے مسائل کا سامنا رہا۔شرجیل میمن نے کہا کہ چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے جا رہی ہیں، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، یہ پلانٹ مہنگا ہو گا ہے مگر اسے لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جانوروں میں بیماریوں کے علاج سے متعلق بھی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، چین کے دورے میں صدر آصف زرداری کو بہت بڑی کامیابی ملی ہے، پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبوں پر ایم او یو سائن کیے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے دور کے تعلقات کو انتہائی احترام سے یاد کیا اور موجودہ حکومت تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔