پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کا بشری بی بی کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کو بشری بی بی کو خفیہ طریقے سے اسپتال لے جانے پر شدید تشویش ہے، اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت اور جیل حکام کی خاموشی مشکوک ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے الزام عائد کیا کہ بشری بی بی قید تنہائی میں ہیں ان کو انسانی اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، سیاسی انتقام میں کسی کی صحت اور زندگی کو خطرے میں ڈالنا قابل قبول نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی اہلیہ کی شفاف میڈیکل رپورٹ فوری پیش کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشری بی بی کے ذاتی معالج کو فوری رسائی دے کر چیک اپ کیلئے اڈیالہ جیل بھیجا جائے، اہلخانہ اور بیٹیوں کی ان سے فوری ملاقات کروائیں اور باقاعدہ شیڈول بھی بنائیں، ان کو فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کر کے ان کا معیاری علاج یقینی بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیکل بورڈ اور سینیٹرز پر مشتمل وفد کو معائنے کیلئے بشری بی بی کے پاس بھیجا جائے، انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کو فوری طور پر ان کی صحت کا معاملہ سونپا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں