اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے ایکس پر جاری بیان میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان یو اے ای میں شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے اماراتی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کا ہر صورت احترام اور اس پر مکمل عملدرآمد نہایت ضروری سمجھتا ہے ۔ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مذاکرات کو ضروری سفارتی گنجائش فراہم کی جانی چاہیے۔