پاکستان

امریکہ نے ایرانی جہاز توسکا کا عملہ حوالے کر دیا، تہران بھیجا جائے گا، پاکستان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ نے ضبط کیے گئے ایرانی مال بردار جہاز توسکاکے عملے کے 22ارکان کو اعتماد سازی کےکےلئے ہمارے حوالے کر دیا ہے، جہاز ضروری مرمت کے بعد مالکان کو واپس کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ ان افراد کو گزشتہ رات پاکستان لایا گیا تھا اور یہ اقدام امریکا کی جانب سے اعتماد سازی کی ایک کوشش کے طور پر کیا گیا ہے۔امریکہ کے سینٹ کام ترجمان کیپٹن ٹام ہاکنز نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ 19 اپریل کو ضبط کیے گئے ایرانی جہاز توسکا اور عملہ کے 22 ارکان کو پاکستان کے حوالے کیا جا رہا ہے جو ایران کو واپس بھیجے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی جہاز توسکا کے عملے کے 22 ارکان گزشتہ شب پاکستان پہنچ گئے تھے، انہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا، ایرانی جہاز کو بھی ضروری مرمت کے بعد اس کے اصل مالکان کو واپس کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کہ ایرانی جہاز کی واپسی کا عمل ایران اور امریکہ دونوں کے تعاون سے مشترکہ طور پر انجام دیا جا رہا ہے، پاکستان ایسے اعتماد سازی کے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے جاری ثالثی کوششوں کو جاری رکھے گا، ہم مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔قبل ازیں امریکی ٹی وی نے سینٹ کام ترجمان کیپٹن ٹام ہاکنز کے حوالے سے رپورٹ دی کہ ایرانی بحری جہاز ایم وی توسکا ضبط کیے جانے کے بعد عملے کے 22 ارکان سمیت پاکستان منتقل کر دیا گیا۔امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز 19 اپریل کو امریکی فورسز نے قبضے میں لیا تھا، اسے خلیجِ عمان میں ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے قریب روکا گیا تھا، پچھلے ہفتے عملے کے 6 افراد کو پہلے ہی واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک کے حوالے کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں