لاہور،کراچی(نیوز ڈیسک ) محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ 4 مئی تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں 5 مئی تک مغربی ہواﺅ ں کا سلسلہ برقرار رہے گا، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اسی طرح سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آج اور کل بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 04 مئی کے دوران تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔پی ڈی ایم کے مطابق صوبہ کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے،پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارش اور آندھی کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں دن کے وقت مطلع صاف اور موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جب کہ رات میں کم سے کم درجہ حرارت 29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، اس وقت مغرب سے 11کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔