بارش

پنجاب ، سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

اسلام آباد،لاہور،کراچی(نیوز ڈیسک )پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواﺅ ں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ آسمانی بجلی اوردرخت و بجلی کے پول گرنے کے واقعات میں ایک شخص جاںبحق اور متعددافراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیل کے مطابق لاہور میں کینال روڈ، گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، جوہرٹاﺅ ن، چونگی امرسدھو، ملتان روڈ، وحدت روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، علامہ اقبال ٹاﺅ ن، مسلم ٹان میں بھی خوب بادل برسے۔ملتان اور گردونواح میں تیز ہواﺅ ں کے ساتھ بارش ہوئی، جعفرآباد میں مٹی کے طوفان کے بعد موسلا دھار بارش سے تباہی مچ گئی، درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

بہاولنگر، خان پور اور کالاباغ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگئی۔بہاولنگر کے علاقے ڈونگہ بونگہ میں شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث ایک مکان کے کمرے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں طوفانی بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری تھا۔ چھت اچانک منہدم ہونے سے کمرے میں موجود تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔گجرات،لودھراں، وہاڑی، بورے والا، رحیم یار خان اور راجن پور، بہاولنگر،کامونکی، چشتیاں ،احمد پور شرقیہ شہر وگردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔جس کے بعد فضا ٹھنڈی ہو گئی ۔گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔

تیز آندھی اور بارش کے باعث آم کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اوچ شریف اور مضافات میں بارش سے کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔جہانیاں میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے ادھر میاں چنوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔آسمانی بجلی گرنے کا ہولناک واقعہ نواحی علاقے 27 چک گل والا میں پیش آیا جب کہ مرنے والے کی شناخت محسن گل کے نام سے ہوئی ہے۔ادھر سندھ میں نوڈیرو، شہداد کوٹ، کندھ کوٹ اور موہنجوداڑو میں تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

سکھر اور شکارپور میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔سکھر میں بارش کے ساتھ ہی مواصلاتی نظام معطل ہو گیا اور سیپکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی نئی ایڈوائزری کے مطابق چاروں صوبوں کے بیشتر اضلاع میں بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں میں اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی توقع ہے۔ شمالی علاقوں میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ اور ہری پور میں بھی بادل چھائے رہنے اور بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، باجوڑ، مہمند، صوابی اور چارسدہ میں چند مقامات پر جبکہ کوہاٹ، کرک، خیبر، ہنگو، کرم، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں راولپنڈی، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہا الدین، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بادلوں کی آمد اور بارش کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، جھنگ، لیہ اور بھکر میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور گرم رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں