وزیراعلی سندھ کی ورلڈ ویٹرنری ڈے کے موقع پر تمام ویٹرنری پیشہ ور افرادکو مبارکباد

کراچی (نیوز ڈیسک)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ ویٹرنری ڈے کے موقع پر تمام ویٹرنری پیشہ ور افراد، ڈاکٹرز، ماہرین حیوانات اور لائیواسٹاک شعبے سے وابستہ افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویٹرنری ڈاکٹرز “ون ہیلتھ” وژن کے تحت انسانی اور حیوانی صحت کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کے ذریعے ویکسین کی تیاری میں خود کفالت کی جانب تیزی سے گامزن ہے تاکہ جانوروں کی بیماریوں کی روک تھام مثر انداز میں کی جا سکے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لائیواسٹاک سیکٹر کا صوبائی معیشت اور جی ڈی پی میں حصہ بڑھانے کے لیے جدید بریڈنگ پالیسی نافذ کی جا رہی ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جانوروں کی نسلوں کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی مقامی نسلوں کا جینیاتی تحفظ ہماری ثقافتی، زرعی اور معاشی بقا کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرکاری لائیواسٹاک فارمز کو ماڈل فارمز میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ سندھ زرعی پالیسی 2018-2030 کے تحت لائیواسٹاک کی ویلیو ایڈیشن، پراسیسنگ اور ایکسپورٹ کے مواقع بھی پیدا کیے جا رہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دودھ اور گوشت کی عالمی معیار کے مطابق پیداوار یقینی بنانے کے لیے ویٹرنری لیبارٹریز کے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (AMR) کے خلاف جنگ میں ویٹرنری ڈاکٹرز کا کردار انتہائی اہم ہے، کیونکہ جانوروں میں ادویات کے درست استعمال سے انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیری سیکٹر میں خواتین کی مالی خودمختاری کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ لائیواسٹاک مالکان کو دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے موبائل ویٹرنری یونٹس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ زونوٹک بیماریوں کی بروقت تشخیص اور نگرانی کے لیے صوبے بھر میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ نوجوانوں اور فارمرز کی تربیت کے لیے اسکول کی سطح پر لائیواسٹاک ہنرمندی کے کورسز بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویٹرنری شعبہ نہ صرف غذائی تحفظ بلکہ معیشت، دیہی ترقی اور عوامی صحت کے فروغ میں بھی بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، اور سندھ حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں