شیری رحمان

عمران خان نے عدلیہ بچاؤ نہیں ”عدلیہ مجھے بچاؤ”تحریک کا اعلان کیا ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے عدلیہ بچاؤ نہیں ”عدلیہ مجھے بچاؤ”تحریک کا اعلان کیا ہے،جو شخص عدالت کے بار بار بلانے پر بھی پیش نہیں ہوتا وہ ”عدلیہ بچاؤ”تحریک چلائے گا؟ ۔ انپے بیان میں انہوںنے کہاکہ نظام عدل کا مذاق اڑانے والا عدلیہ کا محافظ بن رہا ہے، ان کے خلاف عدالتوں میں کیسز زیر التواء ہیں،اس تحریک کا مقصد رعایتیں لینا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اپنے جرم اور چوری کا جواب دینے کے بجائے عدلیہ کے حق میں نعرے لگانے سے وہ بچ نہیں سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان ریلیاں نکالنے اور الیکشن مہم چلانے کیلئے بالکل ٹھیک ہیں لیکن جب عدالت بلائے تو ٹانگ پر پلستر چڑھا دیتے ہیں۔ شیر ی رحمن نے کہاکہ روز عدالت انتظار کرتی ہے تاہم لاڈلے کو استثنیٰ اور رعایتوں کی عادت پڑ چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کی ہر نام نہاد تحریک کا مقصد ان کی ذات تک ہی محدود ہے، شورٹ مارچ ہو، جیل سے بھاگو تحریک ہو یا عدلیہ مجھے بچائو تحریک، ان کا واحد مقصد اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کا دفاع کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ کیسز اور جواب دہی سے بھاگنے کی یہ تحریک بھی انکی پہلی تحریکوں کی طرح بری طرح ناکام ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں