اعجازچوہدری

جیل بھرو تحریک نے حکومتی غباروں سے ہوا نکال دی،اعجازچوہدری

سرگودھا(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک نے حکومتی غباروں سے ہوا نکال دی جس کا مظاہرہ ملتان اور پشاور میں دیکھا گیا جہاں جیل بھرو تحریک کیلئے سینئر رہنما موجود تھے لیکن پولیس گرفتار کرنے نہیں آئی۔

تحریک انصاف کے راہنما و جیل بھرو تحریک کے فو کل پرسن اعجاز چوہدری نے سرگودھا جیل بھرو تحریک کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمرانواں نے 10 ماہ میں معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا اور ملک گیر کاروباری اور عام شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق 50 فیصد تک مہنگائی بڑھ گئی۔ ایسے حالات کے باوجود ہم نے کوئی بدامنی کا راستہ اختیار نہیں کرنا بلکہ خود اپنے آپکو پیش کر رہے ہیں یہ لوگ کہتے تھے کہ عمران خان کی حکومت سلیکٹڈ تھی اور مہنگائی کے خلاف تمام پارٹیوں نے مہنگائی مکاو مارچ کئے انہوں نے حکومت میں آنے کے بعد معیشت تباہ کر کے رکھ دی ہے۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ مہنگائی نہیں بلکہ اپنے مقدمات ختم کرنے، نیب قوانین میں تبدیلی کرنے آئے تھے نیب قوانین ن لیگ کے دور میں بنے تھے، کسی نے عمران خان کے دور تک ان قوانین کو نہیں چھڑا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں جب ان قوانین کو نافذ کیا گیا تو انہیں احساس ہوا کہ اب یہ نہیں بچیں گے۔ انہوںنے کہاکہ نیب مقدمات تحریک انصاف نے نہیں بنائے بلکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے پر مقدمات بنوائے۔اعجاز چوہدری نے بتایا کہ 170ارب کے اثرات جب دو،تین ہفتوں تک آئیں گے تو عام آدمی کے کیا حالات ہونگے،

ملک میں آئین کو پامال کیا جا رہا ہے اور انتخاب کی تاریخ نہیں دی جا رہی آئین سے انحراف کر کے آپ ملکی سالمیت کو شدید خطرے سے دوچار کر رہے ہیں، ماضی میں آئین سے انحراف کیا گیا تو ملک ٹوٹ گیا تھا، اس لیے آئین سے انحراف کرنا بہت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کی ایک وجہ عدلیہ کے خلاف پراپیگنڈا ہے، عدلیہ کے خلاف ہونے والا یہ پراپیگنڈہ پورے نظام عدل کیلئے خطرناک ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ کارکنان کو تنگ کیا جا رہا ہے انہیں جیل مینوئل کے مطابق حقوق نہیں دیئے جا رہے اور ہوم ڈسٹرکٹ سے باہر لے جایا جا رہا ہے،ایسا کیوں کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے ایک پیٹیشن دائر کرنے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں