اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)جیل بھرو تحریک کے آغاز پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے پیش کی گئی گرفتاریوں پر مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 500 سے 700 کے قریب کارکن ابتک خود کو گرفتاریوں کے لئے پیش کر چکے ہیں۔ اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ کچھ دیر پہلے شاہ محمود قریشی،اسد عمر،اعجاز چوہدری اور اعظم سواتی سمیت بہت سے لوگوں نے خود کو گرفتاریوں کے لیے پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے 500 سے 700 کے قریب کارکن ابتک خود کو گرفتاریوں کے لئے پیش کر چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پولیس جو تیاری کے ساتھ آئی تھی،ہزاروں لوگوں کو دیکھ کر پریشان ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی سی پی او آفس،چیئرنگ کراس کے سامنے تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
انہوںنے کہاکہ کارکنان گرفتاریوں کے لیے موجود ہیں،پولیس کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کا اس جذبے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ تحریک آگے بڑھے گی ،(آج) جمعرات کو پشاور میں،پھر راولپنڈی اور فیصل آباد میں کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ گرفتاریوں کا سلسلہ آئین کی بحالی،مہنگائی کے خاتمے اور انتخابات کے انعقاد تک جاری رہے گا۔