اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کو جیل بچو تحریک ور ملک کیخلاف سازش ہے ،جیل بھرو تحریک کا لیڈر پلستر باندھ کا زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر میں بیٹھا ہے، جیل بھرو تحریک کا آغاز عمران خان کی گرفتاری سے ہونا چاہیے، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، ہیروں کا لین دین، سائفر کی کہانی، القادر ٹرسٹ کی زمین جیسے کیسز کے بارے میں عمران خان کے پاس کوئی جواب نہیں، یہ قومی مجرم ہیں، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون نہیں ،چوری کی ایڈوائزر اور ٹی آئی رہنمائوں کی جیبیں بھرنے کی چابی تھیں ،عمران خان کو اپنے خلاف چارج شیٹ پر جواب دینا پڑے گا، آئی ایم ایف سے ڈیل کرکے 5 سو ارب کے ٹیکس سے عوام کو بچایا ہے،،آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے نو ماہ سے ملک میں تماشا لگا ہوا ہے، نالائقوں، نااہلوں، ملک کے خلاف سازش کرنے والوں اور فارن فنڈنگ میں ملوث ٹولے نے چار سال وفاق اور دس سال خیبر پختونخوا میں تباہی مچائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھ کر ریاستی طاقت کا استعمال کر کے اپنی جیبیں بھریں، اس ٹولے نے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا، سرکاری خزانے کو استعمال کر کے اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ چار سال تک تمام ریاستی طاقت ہونے کے باوجود یہ اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک ڈھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو انہوں نے سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ یہ جب کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے تو انہوں نے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا، کشمیر کا سودا کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملک کا کوئی ایسا شعبہ نہیں جہاں انہوں نے تباہی نہ مچائی ہو، آج پاکستان کے عوام ان کی تباہی کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ انہوکںنے کہاکہ عمران نیازی نے پچھلے نو ماہ سائفر کی سازش اور بیرونی سازش سے اپنی کہانی کا آغاز کیا،انہوں نے کبھی اسلام آباد لانگ مارچ کیا کبھی خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ شروع کر کے پولیس والوں کے سر پھوڑے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ یہ شخص جانتا ہے کہ عالمی سازش نہیں ہوئی امریکہ نے کوئی سازش نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ اس کا بیرونی سازش کا بیانیہ نواز شریف سے ہوتا ہوا محسن نقوی تک پہنچا اور پھر جنرل باجوہ تک،اس نے اپنی پوری کہانی میں پچھلے نو ماہ تک ملک میں تماشا کیا، ہر روز ایک نئی فلم چلائی،اب یہ کہتا ہے کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔
انہوںنے کہاکہ ہم نے دن رات محنت کر کے ان کے دستخط شدہ آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ شروع کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا تھا، اس معاہدے پر عمران خان کے دستخط تھے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ہم ہر روز اس تکلیف سے گزرتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو عمران خان کی پھیلائی گئی معاشی تباہی سے کیسے نکالا جائے؟،ملک میں جس وقت حالات بہتر ہوتے ہیں تو یہ ایک نئے تماشے کا اعلان کر دیتا ہے،ان کے خلاف جس وقت تحریک عدم اعتماد آئی، اس وقت اس نے سائفر کی کہانی شروع کر دی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جس وقت بھی ملکی معیشت درست ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے یہ شخص تماشا شروع کر دیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں، ہر روز یہ خود اپنے بیانیہ کو دفن کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ جیل بھرو تحریک شروع کرنے والا شخص فارن فنڈنگ میں 14 نومبر 2014ء سے فرار ہے۔
انہوںنے کہاکہ یہ شخص الیکشن کمیشن، ہائی کورٹ، ایف آئی اے، نیب، سیشن کورٹ سمیت کسی بھی تفتیش میں پیش نہیں ہوتا کیونکہ یہ چور ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس شخص نے خیرات کے پیسے سیاسی مقاصد اور ملک کے خلاف سازش کیلئے استعمال کئے، اس شخص نے 2011ء سے یہ تماشا لگا رکھا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اور نگزیب نے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں بھی یہ شخص فرار ہے،یہ شخص توشہ خانہ کا چور ہے، اس نے گھڑیاں بیچی ہیں، اس نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے، عمران خان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، ہیروں کا لین دین، سائفر کی کہانی، القادر ٹرسٹ کی زمین یہ وہ کیسز ہیں جن کے بارے میں عمران خان کے پاس کوئی جواب نہیں، یہ قومی مجرم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ شخص کسی بھی عدالت اور ادارے کے سامنے تفتیش کے لئے پیش نہیں ہوتا،اسے ہر روز نئی مہلت اور تاریخ دے دی جاتی ہے۔
انہوںنے کہاہک جو عدالتیں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز کو بلاتی تھیں اور وہ پیش ہوتے تھے، آج یہ عدالتیں اس شخص کو طلب کرتی ہیں تو یہ پیش نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ شاہد خاقان عباسی گزشتہ رروز عدالت میں تاخیر سے پیش ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے۔ انہوںنے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ شخص غنڈہ گردی اور بدمعاشی کرتا ہے اور اسے مہلت پر مہلت دے دی جاتی ہے، یہ اپنی گرفتاری کو سیاسی انتقام کہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کو اپنے خلاف چارج شیٹ پر جواب دینا پڑے گا،اس شخص کو عدالت، ایف آئی اور نیب طلب کر رہی ہے اور یہ جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہے جس کا آغاز ضمانت سے ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ جیل بھرو تحریک نہیں جیل بچو تحریک ہے، ان کا عالمی سازش کا بیانیہ ختم، امپورٹ حکومت کا بیانیہ ختم، ان کے پاس توشہ خانہ کیس میں جواب نہیں، پانچ قیراط ہیرے کا جواب نہیں، القادر ٹرسٹ کی زمین کا جواب نہیں۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے پہلے نو ماہ 12 تماشے لگائے اور اب تیرہواں تماشا شروع کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ سیاسی عدم استحکام اس لئے پیدا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ حکومت اپنے خارجہ تعلقات ٹھیک کر رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب نے کہاکہ چائنہ ڈویلپمنٹ بینک نے 70 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا، کیا یہ اس لئے جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں، یہ جیل بھرو تحریک نہیں ملک کے خلاف سازش ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان بیان دے رہے ہیں کہ متوسط طبقے پر بوجھ ڈال دیا ہے، ان کے دور میں متوسط طبقہ ڈیڑھ سو روپے کلو چینی خرید رہا تھا، گھریلو خواتین انگوٹھے کا نشانہ لگا کر ایک کلو چینی کیلئے قطاروں میں کھڑی ہوتی تھیں۔ انہوںنے کہاکہ جیل بھرو تحریک کا لیڈر پلستر باندھ کا زمان پارک میں بیٹھا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ بشریٰ بی بی پی ٹی آئی رہنمائوں کی جیبیں بھرنے کی چابی تھیں، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون نہیں بلکہ وہ چوری کی ایڈوائزر تھیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے بنی گالا کو کرپشن کا مرکز بنا رکھا تھا۔ایک سوال پر مریم اور نگزیب نے کہاکہ آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا، اگر ذاتی وجوہات نہیں تھیں تو وہ استعفیٰ میں اسکا ذکر کرتے۔