لاہو ر( نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں چیف منسٹر لو کاسٹ ہائوسنگ سکیم پراجیکٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیاگیا اورپنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کے بورڈ کی جلدازجلدتشکیل نوکا حکم دیاگیا ۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کم آمدن والے افراد کیلئے ہائوسنگ لون کا حصول آسان بنانے کی ہدایت کی ۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کم آمدن والے افراد کو ہاؤسنگ لون کے اجراء کیلئے قابل عمل پلان طلب کرلیا۔اجلاس میں اخوت کے ذریعے پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی اور دیگر سکیموں کیلئے چھوٹے ہاؤسنگ لون کے اجراء کے طریقہ کارپر غورکیاگیا اوراخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے ذریعے گھر بنانے کیلئے 80 کروڑ روپے کے آسان قرضے دینے کے امور کا جائزہ لیاگیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس کے دوران کہا کہ اپنا گھر ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔اخوت کے اشتراک سے5 مرلے سے کم اراضی پر گھر بنانے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔کم آمدن والے لوگو ںکو گھر بنانے کیلئے آسان قرضے دینے سے معاشی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے ذریعے 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی سوفیصد ریکوری خوش آئند ہے۔ چیئرمین اخوت ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، سیکرٹری ہائوسنگ، ڈی جی پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔