کراچی(کامرس ڈیسک )پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل کے معاملے پر وزیر اعظم کو نئی سمری ارسال کی گئی ہے۔کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک خدا بخش نے کہا کہ سمری میں مشرق وسطی کی جنگی صورت حال میں کمی کے باعث قیمتیں پہلے کی طرح ہر 7 یا 15 روز بعد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قبل ازیں پی پی ڈی اے کی ہڑتال کی دھمکی کے بعد حکومت نے ڈیلرز کے مارجن میں 1 روپے 34 پیسے کا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد مجموعی مارجن 10 روپے ہو گیا۔ ایسوسی ایشن نے اضافے کے بعد ہفتے کو ہونے والی ہڑتال ملتوی کر دی۔چیئرمین خدا بخش نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے بعد وزیرِ پیٹرولیم نے ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے وزیر اعظم سے ڈیلر مارجن میں 1 روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری کی اطلاع دی ہے، جب کہ وزیراعظم کی سمری ای سی سی کو بھی بھجوا دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیلرز کے 8 فی صد مارجن کے مطالبے پر حکومت اور ایسوسی ایشن کی مشترکہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو 30 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
حکومت کی یقین دہانیوں پر ہڑتال ملتوی کی ہے، تاہم تمام مطالبات منظور ہونے تک احتجاج کا حق برقرار رہے گا۔اس موقع پر پی پی ڈی اے کے وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے مارجن میں اضافہ نہ ہونے کے باعث حکومت کے پاس ڈیلرز کے تقریبا 50 ملین ڈالر رکے ہوئے ہیں۔ائس چیئرمین انور کمال نے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس کو ڈیجیٹائز کرنے کے لئے 23 مارچ 2027 تک مہلت دی ہے، جب کہ اس کی ذمہ داری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر عائد کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر کے تقریبا 14 ہزار پیٹرول پمپس میں سے صرف 10 فی صد ڈیجیٹائز ہو سکے ہیں۔