جشن آزادی

ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا،دن کے آغازپر ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کےلئے خصوصی دعا ئیں

اسلام آباد،لاہور،کراچی ،پشاور،کوئٹہ(نیوز ڈیسک )ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کا آغاز نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کےلئے خصوصی دعا ﺅں کے ساتھ ہوا،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی،ملک بھر میں عام تعطیل رہی، سول و عسکری قیادت نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

تفصیل کے مطابق ملک میں جشن آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں یوم آزادی کا جشن منایاگیا،آتشبازی کا شاندار مظاہر ہ اور چراغان کیا گیا، ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔ سرکاری، نیم سرکاری، نجی عمارتوں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یوم آزادی منانے شہری سڑکوں پرنکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی گئیں۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرگارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالئے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

بانی پاکستان کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز کا ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نےمزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کو بنانے میں سندھ کا صف اول کا کردار ہے اور ہمیشہ رہے گا۔آج گورنر اور کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی ہے، پاکستان کی ترقی کےلئے دعائیں کی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 10 اکتوبر 1938 کو سندھ نے عیدگاہ میدان میں ایک قرارداد پیش کی، پاکستان بننے کے بعد دوبارہ قرارداد پیش کی، قائد اعظم کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں اور سب متحد رہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہماری جوہری طاقت کے بانی ہیں، انہوں نے شہادت قبول کی مگر گھٹنے نہیں ٹیکے، بینظیر بھٹو نے شہادت قبول کی مگر پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں وزارت خارجہ کی باگ ڈور سنبھالی، بھارت نے ہماری طرف میلی نظر سے دیکھا تو قوم متحد ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سمیت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ متحد رہیں، فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتا ہوں۔

یوم آزادی پرلاہور میں گریٹراقبال پارک اور لبرٹی چوک میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔شہریوں کی بڑی تعداد آزادی جشن منانے اور آتشبازی کا نظارہ کرنے کےلئے موجود تھی۔حیدرآباد میں بھی 12 بجتے ہی آزادی کا جشن منانے کے لئے جگی جگہ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ شہری جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے کے لئے سڑکوں پر نکلے آئے۔ملتان میں بھی 14 اگست جشن آزادی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ۔ شہریوں کی بڑی تعداد گھنٹہ گھر چوک پر پہنچ گئی۔ لاہور میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی،امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔کوئٹہ میں بھی یوم آزادی کے موقع پر دن کےآغاز پر کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور مساجد میں نماز فجرمیں ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ گلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔

یوم آزادی کے موقع پر ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد گئیں۔ سرکاری اور نجی اسکولوں، ٹاون میونسپل دفاتر اور کئی سرکاری اداروں میں بھی پرچم کشائی اور جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ہر شہر اور قصبے کے گلی کوچوں میں ملی نغمے گونجتے رہے ، شہر شہر وطن کی محبت میں ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ جہاں مقررین نے تحریک پاکستان کے جانثاروں کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔دریں اثنا صدر آصف علی زردار نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ان قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے جن کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔

انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح، تحریک پاکستان کے رہنماﺅں و کارکنوں اور وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر، تحفظ اور روزگار کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان امن کا خواہاں اور اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور علاقائی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کا حامی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بھی باہمی احترام اور خودمختاری کی پاسداری کی توقع ہے، افغان سرزمین پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان کی مسلح افواج مذموم عزائم کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے قومی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب تیزی سے جاری ہے، اگرچہ اس راستے میں کئی مشکلات بھی پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران حکومت پاکستان نے انتہائی مشکل حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور معاشی استحکام کا مقصد حاصل کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے ہر مشکل وقت اور دشمن کے حملوں کے جواب میں ثابت کیا کہ مادر وطن کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ۔

افواج پاکستان نے بھی قوم کو پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل، نیول چیف اور ائیرچیف نے قوم کو 79ویں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے ،پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کیلئے ثابت قدم رہیں گی۔ مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام دیا اور غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں