عینک والا جن

حفیظ طاہر کے عینک والا جن کے حقوقِ ملکیت کے دعوے بے بنیاد ہیں‘ فرحان خان

لاہور (شوبز ڈیسک)نئی اینیمیٹڈ فلم عینک والا جن کے ہدایت کار فرحان خان نے اصل ٹی وی سیریز کے تخلیق کار حفیظ طاہر کی جانب سے عائد کردہ حقوقِ ملکیت کے دعوے مسترد کر دیے۔انہوں نے حفیظ طاہر کے حقوقِ ملکیت کے دعوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقبول کلاسک ڈرامے کے تمام حقوق پاکستان ٹیلی ویژن کے پاس ہیں۔

فرحان خان نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عینک والا جن کے حقوق سے متعلق لگائے گئے الزامات جھوٹے اور ہتک آمیز ہیں، سابق ہدایت کار کے بیانات ان کی ذاتی رائے ہیں اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔انہوں نے بتایا کہ رازداری کی شرائط کے باعث سرکاری ٹی وی کے ساتھ ہونے والا باضابطہ معاہدہ عوام کے سامنے نہیں لا سکتا، تاہم سرکاری نشریاتی ادارے نے اپنی ڈیجیٹل اور سیٹلائٹ پلیٹ فارمز پر فلم کی باقاعدہ تشہیر کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عینک والا جن کی سرکاری تشہیری مہم اور پوسٹرز پر سرکاری ٹی وی کا لوگو موجود ہے، یہ ایسے حقائق ہیں جن کی عوامی سطح پر تصدیق کی جا سکتی ہے اور اس حوالے سے سرکاری ٹی وی کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز دیکھے جا سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں