ترکیہ (کامرس رپورتر) پاکستان ریلوے کی جدید کاری، ترکیہ سے بڑے تعاون کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے دو روزہ سرکاری دورہترکیہ کے دوران گزشتہ روز ترک کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (TCA) کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان ریلوے کے جدید کاری پروگرام میں ترک کمپنیوں کی شمولیت کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں پاکستان ریلوے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مختلف ماڈلز زیر غور کیا گیا اور پی پی پی، بی او ٹی، ای پی سی اور دیگر جدید ماڈلز کے ذریعے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ترک کمپنیوں کو پاکستان ریلوے کے بڑے ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں ایم ایل ون کے آئندہ مراحل میں ترک کمپنیوں کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے پر گفتگو ہوئی اور ایم ایل تھری کی جدید کاری میں ترک کنٹریکٹرز کے لیے تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد، تہران، استنبول فریٹ کوریڈور کی بحالی کے لیے انفراسٹرکچر اور لاجسٹکس میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر حنیف عباسی نے کہا کہ آئی ٹی آئی فریٹ کوریڈور کی بحالی سے خطے میں تجارت اور معاشی روابط کو نئی رفتار مل سکتی ہے۔ اس ملاقات میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے کوریڈور میں ترک کمپنیوں کی شمولیت کے امکانات بھی زیر بحث آئے اور پاکستان ریلوے کے اسٹیشنز، فریٹ ٹرمینلز اور لاجسٹکس پارکس میں ترک سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں ریلوے انفراسٹرکچر کے ساتھ کمرشل ڈویلپمنٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبوں کے امکانات لیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور طویل المدتی شراکت داری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ علاوہ ازیں پاکستان ریلوے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مقامی سطح پر ریلوے آلات کی تیاری کے لیے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
علاوہ ازیں مسافر کوچز، فریٹ ویگنز اور ریلوے آلات کی مقامی تیاری میں ترک ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مزید براں پاکستان ریلوے کی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو ترک ٹیکنالوجی اور تجربے سے مزید مستحکم بنانے پر گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ترک کنٹریکٹرز کی عالمی سطح پر بڑے انفراسٹرکچر منصوبے مکمل کرنے کی مہارت پاکستان ریلوے کے لیے اہم موقع ہے۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی جدید کاری میں عالمی معیار کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریلوے تعاون کو انفراسٹرکچر سے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں تک وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ریلوے کے شعبے میں طویل المدتی تکنیکی تعاون، تربیت اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری میں ترک کمپنیوں کی شمولیت سے نئے سرمایہ کاری اور ترقیاتی مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو عملی اقتصادی منصوبوں میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔