کراچی (کامرس ڈیسک) عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافے کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 30 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 80 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں ملک بھر کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار روپے اضافے سے 4 لاکھ 30 ہزار 436 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 572 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 69 ہزار 29 روپے تک جا پہنچی، جس کے باعث زیورات کی خریداری کرنے والے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 79 سینٹس کمی کے بعد 58 ڈالر 15 سینٹس ریکارڈ کی گئی، تاہم مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 79 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 294 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 68 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 396 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
صرافہ ڈیلرز کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتا رجحان اور بین الاقوامی معاشی عوامل سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا باعث بن رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
٭٭٭٭٭٭