اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے ، دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
جاری بیان میں وزیر اعظم نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی جرات اور بروقت کارروائی کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔