خانپور(کامرس ڈیسک )خانپور کے شہری اور دیہی علاقوں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا ہے ۔خانپور میں روزمرہ استعمال کی تمام سبزیاں سو روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں جبکہ ٹماٹر کی قیمت 380 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔سرکاری نرخ نامے اور بازار کی حقیقت میں بڑا تضاد سامنے آیا ہے۔
سرکاری ریٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہے لیکن بازار میں یہ 380 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔اسی طرح لہسن کا سرکاری ریٹ 200 روپے جبکہ بازار میں 400 روپے فی کلو، لیموں کا سرکاری ریٹ 120 جبکہ بازار میں 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔پھلوں میں آم کا سرکاری نرخ 200 روپے جبکہ بازار میں 380 روپے فی کلو وصول کیے جا رہے ہیں۔
منڈیوں میں سرکاری نرخوں پر ملنے والی اشیا دکانوں اور ریڑیوں پر دگنے داموں کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں، جس کے باعث شہریوں کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے، ساتھ ہی اشیا کی خودساختہ مہنگائی کرنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔