کوئٹہ (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع مستونگ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سرکاری محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ دراصل ریاست پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ہر قیمت پر ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور قانون کے محافظوں کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، جبکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو پوری قوت سے کچل دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہنے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداءکے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔