ایرانی ٹماٹر

ایرانی ٹماٹر آنے کے بعد بھی قیمتیں کم نہ ہوسکیں، کراچی میں 500 روپے فی کلو تک فروخت

کراچی(کامرس ڈیسک)ایرانی ٹماٹروں کی ترسیل کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا ،کراچی میں ٹماٹر کی قیمتیں مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وقت متعدد تاجر ایرانی اور کوئٹہ کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو یا 110 سے 125 روپے فی پاﺅ کے حساب سے بیچ رہے ہیں، جبکہ کچھ تاجر چھوٹے سائز اور کچے ٹماٹر 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ تاجروں کے مطابق اکثر دکاندار ایرانی ٹماٹربیچنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ یہ پاکستانی ٹماٹر کے مقابلے میں بہت جلد نرم پڑ جاتے ہیں اور خراب ہونے لگتے ہیں، اس کے علاوہ پاکستانی اور ایرانی ٹماٹروں کے ذائقے میں بھی نمایاں فرق موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی کے طوفان کے باعث خریداروں نے بھی اپنی خریداری انتہائی محدود کر دی ہے اور تاجروں کے بقول عوام کو 50 سے 60 روپے میں بمشکل دو سے تین چھوٹے سائز کے ٹماٹر ہی مل پا رہے ہیں۔ٹماٹر کے کاشتکار اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی )کے سابق نائب صدر یونس سومرو کے مطابق ایران سے ٹماٹر انتہائی کم مقدار میں آ رہے ہیں اور روزانہ اوسطا صرف 10 کنٹینرز ہی پہنچ پاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں ٹماٹر کی کاشت کا عمل اب شروع ہو رہا ہے اور اس کی فصل ستمبر کے وسط تک بازار میں آ سکے گی۔ سندھ کی پچھلی فصل اپریل میں ختم ہو گئی تھی، جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کی فصلیں بالعموم مئی اور جون میں آتی ہیں اور وہ انہی دونوں صوبوں کی مقامی ضرورت کو پورا کرنے تک ہی محدود رہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں