پاکستان،کینیڈا

پاکستان،کینیڈا وزرائے خارجہ کے وفود کی سطح پر مذاکرات، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھان پر اتفاق کیا گیا ہے ، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے،کینیڈا میں مقیم پاکستان برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئیں۔ وزارت خارجہ آمد پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کینیڈین ہم منصب کا پرجوش استقبال کیا۔دونوں رہنماوں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا، نائب وزیراعظم نے معزز مہمان سے دفتر خارجہ حکام کا تعارف کرایا۔اس موقع پر ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم علاقائی وعالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائث وزیر اعظم اسحاق ڈار کا دوران ملاقات کہناتھا کہ کہ کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا اسلام آباد آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں، سوئٹزرلینڈ میں بھی ہماری ملاقات ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اور کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستان برادری ہمارے تعلقات کا قیمتی اثاثہ ہے، کینیڈین وزیرخارجہ کا یہ دورہ تعلقات کو نئی جہت اور رفتار دے گا۔ اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا کہنا تھا کہ پاکستانی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتی ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، دونوں ممالک کو مشترکہ طور پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں تین لاکھ سے زائد پاکستان نژاد شہری آباد ہیں، دونوں ممالک عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، آج دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کی منتظر ہوں۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کینیڈا کی وزیرخارجہ پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، پاکستان، کینیڈا تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا احاطہ کیا جائے گا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کا پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی جبکہ تعلیم کے شعبے میں تعاون اور دونوں ممالک کے شہریوں کے مابین رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔اپنے قیام کے دوران کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند پاکستان کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات مضبوط عوامی روابط پر استوار ہیں، کینیڈا میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں پر مشتمل کمیونٹی دونوں ممالک کے مابین پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں