نواز شریف

آزادکشمیر انتخابات، نواز شریف آج مظفرآباد ، جمعہ کو میرپور میں جلسے سے خطاب کریں گے

مظفر آباد (نیوز ڈیسک )آزادکشمیر میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف آج (منگل کو) مظفرآباد اور جمعہ کو میرپور آزاد کشمیر میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔تفصیل کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے انتخابی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پارٹی قائد میاں نواز شریف خود انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔شیڈول کے تحت مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف آج مظفرآباد اور جمعہ کو میرپور آزاد کشمیر میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔دونوں شہروں میں جلسوں کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں اور کارکنان میں شدید جوش و خروش پایا جاتا ہے۔وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام انتخابی مہم اور جلسوں کے انتظامات کی نگرانی کےلئے خود متحرک ہیں۔

انہوں نے میرپور کا دورہ کیا جہاں ن لیگ کے رہنما چوہدری سعید سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران 24 جولائی کے جلسے کی تیاریوں، کارکنوں کی سرگرمیوں اور مجموعی انتخابی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انجینئر امیر مقام نے جلسہ گاہ کا دورہ بھی کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے کارکنان اپنے قائد میاں نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔میرپور کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد وفاقی وزیر امیر مقام مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ کل کے جلسے کے سلسلے میں مقامی قیادت اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے اہم مشاورتی ملاقاتیں کریں گے۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے یہ دورے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں