لاہور(نیوز ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لینے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور قیمتوں کے تعین کے لیے ایک مستحکم اور قابل عمل پالیسی اختیار کرے تاکہ تاجروں اور عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی، بلند شرحِ سود اور اضافی کاروباری اخراجات کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پالیسیوں میں بار بار تبدیلی سے تاجروں کا اعتماد متاثر ہوگا۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی کوئی بھی اہم فیصلہ کیا جائے تاکہ معیشت میں استحکام برقرار رہے۔ ایسی پالیسیاں اختیار کی جائیں جو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا باعث بنیں۔