پی ایس ڈی پی

ترقیاتی فنڈز کی فراہمی مالیاتی گنجائش سے مشروط ،پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈز 4 سہ ماہی اقساط میں جاری ہوں گے ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)وفاقی حکومت نے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی مالیاتی گنجائش سے مشروط کر دی۔پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈز 4 سہ ماہی اقساط میں جاری ہوں گے ۔

وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈزچارسہ ماہی اقساط میں جاری ہوں گے، غیرملکی ادائیگیوں کیلئے وزارت خزانہ سے پیشگی منظوری لازمی قراردیدی گئی،رواں مالی سال میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ہزارارب روپے رکھے گئے ہیں،چاراقساط میں فنڈز کی ادائیگی کی حد اورطریقہ کارطے کردیاگیا،کسی وزارت یا ڈویژن کو مقررہ حد سے ایک روپیہ بھی زیادہ نہیں ملے گا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی فنڈز، 4 سہ ماہی اقساط میں دیئے جائیں گے،رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صرف 15فیصد اوردوسری میں 20 فیصد فنڈز جاری ہوں گے،تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں سب سے زیادہ 40 فیصدفنڈز ملیں گے،ہر ترقیاتی منصوبے کےلئے علیحدہ اسائنمنٹ اکاﺅ نٹ کھولا جائے گا۔وزارت خزانہ کی طے کردہ حکمت عملی کے مطابق منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز منصوبہ بندی ڈویژن جاری کرے گا ،فنڈز کی تقسیم منظور شدہ بجٹ کی حد کے اندر ہی کی جائے گی،طے شدہ حد سے زیادہ ادائیگی وزارت خزانہ کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکے گی ۔ غیرملکی ادائیگیوں کیلئے وزارت خزانہ کی پیشگی منظوری لینا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں