قومی کرکٹرز

اگست میں 4 ٹیموں کا ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ،قومی کرکٹرز کے بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم

لاہور(سپورٹس نیوز )قومی کرکٹرز کے اگست کے مہینے میں بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہو گئے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگست میں 4 ٹیموں کا ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کےلئے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام جاری ہے۔

کیریبیئن پریمئیر لیگ 7 اگست سے 20 ستمبر تک شیڈولڈ ہے، متعدد قومی کرکٹرز کو سی پی ایل میں شرکت کےلئے پی سی بی سے این او سی کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ اگست میں ون ڈے ٹورنامنٹ ہو رہا ہے، وائٹ بال کرکٹرز کے لیے ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہے۔

پی سی بی نے معاذ صداقت کو پہلے ہی این او سی جاری کر دیا تھا، ٹورنامنٹ کے فیصلے کی وجہ سے اب معاذ صداقت کی بھی شرکت کا امکان نہیں، سی پی ایل کےلئے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سفیان مقیم، سعد مسعود، عثمان خان اور سلمان ارشاد کو این او سی نہ ملنے کا امکان ہے پی سی بی نے آئندہ سیزن میں ورلڈ کپ سے قبل زیادہ ون ڈے میچز ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا، پی سی بی میگا ایونٹ سے قبل ون ڈے اسکواڈ کے لیے اچھے پلیئرز کو تلاش کرنا چاہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں