لاہور(کامرس ڈیسک ) پنجاب میں ریسٹورنٹس اور سروس سیکٹر پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا، اس حوالے سے پنجاب ریوینیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس، کیفے، شادی ہالز اوردیگر سروسز پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کر دیا جبکہ نئی شرح کا فوری اطلاق شروع کردیا گیا ہے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے متعدد خدمات پر پہلے سے نافذ 5 فیصد کے بجائے 8 فیصد سیلز ٹیکس کا اطلاق شروع کر دیا ۔
نئی شرح کے تحت ریسٹورنٹس میں کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ہونے والی تمام ادائیگیوں پر 8 فیصد پنجاب سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شادی ہالز، کیٹرنگ سروسز، ایونٹ مینجمنٹ، ٹریول اینڈ ٹور آپریٹرز، رینٹ اے کار، فٹنس سینٹرز، اپارٹمنٹ ہاس مینجمنٹ اور پراپرٹی ڈیلرز بھی نئی 8 فیصد سیلز ٹیکس شرح کے دائرہ کار میں شامل کر دیے گئے ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق آرکیٹیکٹس، ویئر ہاﺅ سز، کولڈ اسٹوریجز سمیت مزید دو شعبوں پر بھی نئی 8 فیصد سیلز ٹیکس شرح نافذ کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں تمام متعلقہ کاروباری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی ٹیکس شرح کے مطابق اپنے انوائسنگ، بلنگ اور کمپلائنس سسٹمز کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں۔ اتھارٹی کے مطابق نئی شرح کے نفاذ کے بعد متعلقہ کاروباری ادارے صارفین سے 8 فیصد پنجاب سیلز ٹیکس وصول کریں گے۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکس شرح کا مقصد محصولات میں اضافہ، ٹیکس نیٹ کو مزید موثر بنانا اور ٹیکس نظام کو زیادہ دستاویزی بنانا ہے۔