ٹیلی نار پاکستان

ٹیلی نار پاکستان اور یوفون ایک کمپنی بن گئے، نئی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن موبائل لمیٹڈ قائم کردی گئی

اسلام آباد(کامرس ڈیسک )پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں ایک بڑی پیش رفت، ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کو باضابطہ طور پر ضم کرکے ایک نئی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل )قائم کر دی گئی ہے۔ اس انضمام کے بعد دونوں موبائل آپریٹرز مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت اپنی خدمات، نیٹ ورک، صارفین اور آپریشنز چلائیں گے، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)اب ایک الگ ادارے کی حیثیت سے کام کرے گا۔پرو پاکستانی کے مطابق یہ انضمام کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان(سی سی پی )کی منظوری اور اس کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔

کمیشن نے واضح ہدایت دی تھی کہ پی ٹی سی ایل کو نئی موبائل کمپنی کا حصہ بنانے کے بجائے اسے ایک آزاد اور الگ کمپنی کے طور پر برقرار رکھا جائے، جس کے بعد پی ٹی سی ایل کو نئی تشکیل دی گئی موبائل کمپنی سے علیحدہ کر دیا گیا۔انضمام کے بعد نئی کمپنی میں ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کے نیٹ ورک انفراسٹرکچر، صارفین، آپریشنل وسائل اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو یکجا کر دیا گیا ہے۔ تاہم پی ٹی سی ایل اپنے فکسڈ لائن، براڈ بینڈ اور دیگر کاروباری شعبوں میں پہلے کی طرح الگ انتظامی ڈھانچے کے تحت کام جاری رکھے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام کے بعد یوفون کے دفاتر کو بھی کمپنی کے 345 ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں دونوں اداروں کے انضمامی عمل کو مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔ٹیلی کام ماہرین کے مطابق اس انضمام سے پاکستان کی موبائل ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ میں مسابقت، نیٹ ورک کی استعداد اور صارفین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل کی علیحدہ حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کمپیٹیشن کمیشن کی پالیسی کے مطابق مارکیٹ میں شفاف اور منصفانہ مقابلے کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں