لاہور(کامرس رپورٹر) قومی ایئر لائن(پی آئی اے)نے لاہور اور مانچسٹر کے مابین براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے مانچسٹر کی براہِ راست افتتاحی پرواز پی کے 709 روانہ ہوگئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، پرواز کی روانگی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔ مسافروں کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے الوداع کیا۔
اس موقع پر مسافروں نے مانچسٹر اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیر مقدم کیا اور اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔پی آئی اے کی براہِ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔افتتاحی پرواز سے 325 مسافر مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے جبکہ اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی۔
مانچسٹر سے پرواز کو پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے عہدیداران نے الوداع کیا۔لاہور سے مانچسٹر کی براہِ راست پروازوں کا آغاز پی آئی اے کے بین الاقوامی نیٹ ورک میں اہم اضافہ ہے۔ اس نئی پرواز کے آغاز کے بعد پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق ان میں سے چار ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ یہ توسیع برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید سہولت کا باعث بنے گی۔